بنگلورو،25؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت نے میسور اور اوٹی کے درمیان آنے والے بنڈی پور نیشنل پارک کے کسی بھی حصے میں سال نو کے جشن کے اہتمام پر پابندی عائد کردی ہے۔ محکمۂ جنگلات کی طرف سے بنڈی پور اور آس پاس کے علاقوں میں آنے والی سبھی ہوٹلوں اور جنگلوں کے بیچ موجود لاڈجوں کو ہدایت دی ہے کہ سال نو کے موقع پر ان میں سے کسی بھی مقام پر موج مستی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ چونکہ یہ علاقہ قومی محفوظ مقامات کا حصہ ہیں ، یہاں پر متعدد ہوٹل اور فارم ہاؤسز ، ریسارٹ وغیرہ موجود ہیں۔ سال نو کے اہتمام کے لئے یہاں بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی تھیں، لیکن محکمۂ جنگلات نے ان تمام تیاریوں پر پانی پھیرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ بنڈی پور علاقے میں کہیں بھی سال نو کا جشن نہیں منایا جائے گا۔اس کے علاوہ بنڈی پور میں موجود سرکاری لاڈجوں میں بھی سال نو کا جشن نہ منانے کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ 31 دسمبر کی رات بنڈی پور کے کسی بھی ریسارٹ ، فارم ہاؤز ، لاڈج یا ہوٹلوں میں مسافروں کو ٹھہرنے نہ دیا جائے۔ حکومت نے کہا ہے کہ بنڈی پور کے بیشتر علاقے ماحولیاتی طور پر حساس ہیں۔ سال نو کا اہتمام کرنے کے لئے بڑی تعداد میں لوگوں کی یہاں آمد کی وجہ سے یہاں کے ماحولیاتی توازن میں بگاڑ کے خدشوں کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اس بار یہ پابندی عائد کی ہے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ بنڈی پور جنگلوں کے کسی بھی علاقے میں آتش بازی ، ساؤنڈ سسٹم کے استعمال وغیرہ کی اجازت قطعاً نہیں دی جائے گی۔